روسی صحافی ماریا پونومارینکو کو یوکرین کے ایک تھیٹر پر روسی جنگی طیاروں کے مہلک حملے کے بارے میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے پر چھ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
سائبیریا کے شہر برنول کی ایک عدالت نے یوکرین پر حملے کے بارے میں اختلاف رائے کو دبانے کے لیے متعارف کرائے گئے قوانین کے تحت انھیں جعلی خبریں پھیلانے کی مجرم قرار دیا ہے۔
ماریا پونومارینکو کو پانچ سال کے لئے صحافی کی حیثیت سے سرگرمیوں سے بھی روک دیا گیا تھا۔
گزشتہ مارچ میں ماریوپول تھیٹر پر بمباری کے نتیجے میں سینکڑوں شہری ہلاک ہوئے تھے۔
پونومارینکو کو بم دھماکے کے چند ہفتوں بعد گزشتہ اپریل میں اس الزام میں حراست میں لیا گیا تھا کہ روسی جنگی طیاروں نے یہ حملہ کیا ہے حالانکہ روسی وزارت دفاع نے اس کی تردید کی تھی۔
وہ یوکرین کی جنگ پر تنقید کرنے پر جیل جانے والی روسی مخالفین کی بڑھتی ہوئی تعداد میں سے ایک ہیں۔
تقریبا 1200 شہری تھیٹر کے اندر پناہ لے رہے تھے جب روسی لڑاکا طیاروں نے اس پر بمباری کی۔
یوکرین کے حکام کا خیال تھا کہ 300 افراد ہلاک ہوئے ہیں، لیکن ایسوسی ایٹڈ پریس کی تحقیقات کے مطابق یہ تعداد 600 کے قریب تھی، بہت سی لاشیں تہہ خانے میں پائی گئیں۔