روس نے الزام عائد کیا ہے کہ دارالحکومت ماسکو میں پیر کی صبح ہونے والے ڈرون حملے میں کم از کم دو عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ دو ڈرونز کو گرایا گیا، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق ایک ڈرون وزارت دفاع کے قریب گرا۔
یوکرین کے حکام نے ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، لیکن وہ شاذ و نادر ہی روس کے اندر حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔
ایک اور پیش رفت میں روسی حکام نے لوگوں کو یوکرین کے جنوبی جزیرہ نما کرائمیا کے ایک ضلع کو خالی کرنے کا حکم دیا ہے جو 2014 میں ماسکو کے قبضے میں تھا۔
کریملن کی جانب سے مقرر کردہ علاقائی سربراہ سرگئی اکسینوف نے کہا کہ شمالی ذہانکوئی کے علاقے میں گولہ بارود کے ایک ڈپو کو نشانہ بنایا گیا اور قریبی دیہات کے رہائشیوں کو اپنے گھروں کو چھوڑنے کے لیے کہا گیا ہے، انہوں نے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی۔
دریں اثنا، یوکرین نے کہا ہے کہ اس کے جنوبی علاقے اوڈیسا میں نئے روسی ڈرون حملوں میں چار افراد زخمی ہوئے اور ایک اناج ہینگر تباہ ہو گیا، اس میں کہا گیا ہے کہ ڈینیوب پر ملک کے بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔
گزشتہ ہفتے روس کی جانب سے اناج کے تاریخی معاہدے سے دستبرداری کے بعد سے روس اوڈیسا خطے پر مسلسل حملے کر رہا ہے جہاں یوکرین کی بحیرہ اسود کی اہم بندرگاہیں واقع ہیں۔