غزہ (ویب ڈیسک): فلسطینی عسکری تنظیم حماس نے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں جوابی حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔حماس کے مطابق عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے الشفا اسپتال کا محاصرہ کرنے والی اسرائیلی فوج پر جواباً متعدد حملے کیے ہیں۔
دوسری جانب حماس نے القسام بریگیڈ کی 2 دنوں میں اسرائیلی فوجیوں اورٹینکوں پر حملوں کی ویڈیو بھی جاری کردی ہے، جس میں عمارت میں مورچہ بند اسرائیلی فوجیوں کواسنائپرگن سے نشانہ بناتے دیکھا جا سکتاہے۔
حماس کے مطابق الشفا اسپتال کے گرد تین اسرائیلی ٹینکوں کو الیاسین راکٹ سے نشانہ بنایا گیا ہے، اسرائیلی فوج نے الشفا میڈیکل کمپلیکس میں متعدد سہولیات کو تباہ کردیا، اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال کے اردگرد کی عمارتوں پربھی بمباری کی اور الشفا اسپتال سے بے گھر افراد کو حراست میں لے لیا۔
حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی الشفا اسپتال کےطبی عملے اور مریضوں سے بدسلوکی کررہی ہے، الشفا کمپلیکس کی تباہی پر عالمی برادری کی خاموشی شرمناک ہے، اسپتال کا محاصرہ اقوام متحدہ کی رسوائی اور اخلاقی ناکامی ہے۔
حماس کا مزید تھا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ صیہونی قتل مشین کو روکنے میں ناکام ہیں جب کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ واشنگٹن پر دباؤ ڈالنے میں بھی ناکام ہیں، عرب ممالک غزہ میں زندگی کی سہولیات کی تباہی روکنےکیلئے فوری اقدام کریں۔