بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے ورلڈ کپ 2023 سے قبل فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی صحت یابی کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔
حالیہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بمرا اگست میں آئرلینڈ کے خلاف بھارت کے ٹی 20 میچوں میں حصہ لینے کے لئے تیار ہوں گے۔
تاہم روی شاستری کا ماننا ہے کہ بھارت کو شاہین آفریدی کے ساتھ پاکستان کی غلطی سے سبق سیکھنا چاہیے اور احتیاط کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔
روی شاستری نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے لئے بمرا کی بے پناہ اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں ورلڈ کپ کے لئے جلد بازی میں واپس آنے سے گریز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے بمرا کی واپسی میں تیزی لانے میں شامل ممکنہ خطرات پر روشنی ڈالی کیونکہ اس سے طویل مدتی عدم موجودگی ہوسکتی ہے جیسا کہ شاہین آفریدی کے ساتھ ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ (بمرا) بہت اہم کرکٹر ہیں، لیکن اگر آپ اسے ورلڈ کپ کے لئے جلدی کرتے ہیں تو آپ اسے شاہین آفریدی کی طرح چار ماہ بعد بھی کھو سکتے ہیں۔
روی شاستری نے کہا کہ اس لئے ایک پتلی لکیر ہے اور اس کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے۔
شاہین آفریدی کو دائیں گھٹنے کی انجری سے صحت یابی میں متعدد ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا، یہ چوٹ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران گال میں باؤنڈری پر غوطہ خوری کے دوران لگی تھی۔
شاہین آفریدی کو ابتدائی چوٹ کے بعد اضافی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا، جس میں 2022 میں ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل کے دوران ان کے گھٹنے میں دوبارہ چوٹ لگنا بھی شامل تھا، نتیجتا انہیں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیزن سے باہر ہونا پڑا۔
تاہم تقریبا ایک سال کی غیر موجودگی کے بعد بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، انہیں جولائی میں سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹیسٹ ٹیم میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ میں ایک سال بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم میں واپسی پر بہت پرجوش ہوں، میں نے ٹیسٹ کرکٹ کو بہت یاد کیا اور میرے لئے اس فارمیٹ سے دور رہنا مشکل تھا۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں انجری کی وجہ سے پورے ہوم سیزن سے محروم رہنے کے بعد میں اسی ملک میں متاثر کن واپسی اور ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کا خواہاں ہوں۔