اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، اسے کمزور کرنا ملک کے مسائل میں اضافہ کرنا ہے۔
وزیر داخلہ نے سوال کیا کہ آج دنیا بابا رحمتے اور جسٹس منیر کو کس نام سے یاد رکھتی ہے؟، بنچ فکسنگ کی انکوائری کی جائے سوموٹو لیا جائے اور سزا دی جائے کہ کسی جج کے ساتھ پرویز الہی کے تعلقات کیوں ہیں؟
جیل بھرو تحریک اپنی نمائش کے پہلے گھنٹے میں ہی مسترد! بمشکل 80 افراد جیل میں موجود، ہم نے 500 کا انتظام کیا تھا۔ فتنے نےجو بھی طریقہ کار اپنایا فتنہ کو پھیلانے کے لئے، 25 مئی کو بھی اور اب بھی عوام نے اسے مسترد کیا ہے۔ لاہور کی عوام کاُ شکریہ انہوں نے اس کو مسترد کیا۔
— Rana SanaUllah Khan (@RanaSanaullahPK) February 22, 2023
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں فتنہ برپا کیا ہوا ہے اور ملک کی بہتری کے لیے کوئی ایک کام نہیں کیا، کبھی کہتا ہے کہ اسلام آباد آرہا ہوں سمندر لے کر اور کبھی کہتا ہے جیل بھروں گا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں کل ملا کر سو سوا سو افراد ہیں ان میں سے بھی اسی فیصد کہتے ہیں کہ ہمیں چھوڑ دیں، تمام افراد کو تیس تیس دن کے لیے نظر بند کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ جیل میں جانا چاہتے تھے تو آپ کو جیل بھیج دیا، آپ کو جیلوں کی سیر کرارہے ہیں، تاکہ آپ جیلوں کے حالات سے واقف ہوجائیں، پہلے دور دراز کی جیلیں پھر لاہور اور پنڈی کے شہروں کی جیلیں بھری جائیں گی۔
رانا ثنا اللہ قوم اس فتنے سے واقف ہو چکی، اس کی جیل بھرو تحریک ڈوب مرو تحریک بن چکی ہے، اکثر لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہمیں چھوڑ دیں یہ لوگ ہمیں ورغلا رہے ہیں۔