اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران اسلام آباد کے 10 لاکھ شہریوں کو مفت آٹا اور سبسڈی والا پٹرول فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں زیریں اور متوسط طبقے پر مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت معاشرے کے غریب طبقوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کو بھی اس سکیم میں شرکت کی دعوت دی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ گندم کے آٹے کی مفت تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق رمضان المبارک کے دوران اسلام آباد کے مضافات میں گندم کے مفت آٹے کی فراہمی کا پروگرام آخری مراحل میں ہے، جس سے ڈیڑھ لاکھ کے قریب گھرانے مستفید ہوں گے۔
وزیراعظم نے اصولی طور پر موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو کم نرخوں پر پٹرول فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا کیونکہ ان کے ریلیف کے لئے ایک پروگرام تیار کیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران موٹر سائیکلوں اور رکشہ ڈرائیوروں کو سستے پٹرول کی فراہمی کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
وزیر اعظم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ پروگرام کو حتمی شکل دے کر پیش کریں کیونکہ حکومت کم اور متوسط آمدنی والے طبقوں کو مہنگائی سے بچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور سینئر افسران نے شرکت کی۔
اسی سلسلے میں پنجاب کی نگران کابینہ نے وفاقی حکومت کے تعاون سے ملک کے سب سے بڑے اور منفرد رمضان ریلیف پیکج کا بھی اعلان کیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 10واں اجلاس ہوا جس میں عوام کو ماہ مقدس کے دوران مفت گندم کا آٹا فراہم کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا گیا۔
اس خصوصی پیکج کے تحت کابینہ نے 60 ہزار روپے سے کم آمدنی والے خاندانوں کو گندم کے آٹے کے تھیلے مفت فراہم کرنے کے پروگرام کی منظوری دی، شناختی کارڈ رکھنے والے خاندانوں کو ماہ رمضان کے دوران 10 کلو آٹے کے تین تھیلے مفت ملیں گے۔