کوئٹہ: بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پشتون ثقافت کا دن روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
اس سلسلے میں مختلف سماجی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے ثقافتی شوز اور دیگر پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔
دریں اثناء ایک پیغام میں نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے پشتونوں کو مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بہترین وقت ہے کہ انسان دوستی اور مہمان نوازی کے ذریعے پشتونوں کا سافٹ امیج پیش کیا جائے۔
اس دن کی مناسبت سے کوئٹہ، لورالائی، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور ڈوکی سمیت صوبے کے دیگر پشتون اکثریتی اضلاع میں مختلف ثقافتی تقریبات اور میوزیکل پرفارمنسز کا انعقاد کیا گیا۔
پشتون مردوں، عورتوں اور بچوں نے جشن میں حصہ لینے کے لئے روایتی لباس پہن رکھے تھے۔ تقریب میں پشتون برادری کا رقص اتان بھی پیش کیا گیا۔
کلچر شوز کے دوران شرکا روایتی لباس میں ملبوس تھے جس کے بعد فوک میوزک پرفارمنسز، ادبی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد ثقافت، رسم و رواج، کھانے اور دنیا بھر میں مشہور پشتون ثقافت کے کئی دیگر پہلوؤں کو فروغ دینا تھا۔