روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان طے شدہ مذاکرات سے چند گھنٹے قبل یوکرین کی اناج برآمد کرنے والی بندرگاہ پر روسی ڈرون حملے میں گوداموں کو نقصان پہنچا اور عمارتوں کو آگ لگا دی گئی۔
یوکرین کے جنوبی علاقے اوڈیسا میں دریائے ڈینیوب کی بندرگاہ ازمیل پر ہونے والے حملے میں گوداموں اور پیداواری عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا اور ڈرون طیاروں کے ملبے نے کئی شہری بنیادی ڈھانچے کی عمارتوں کو آگ لگا دی۔
یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ اس نے روسی علاقے اور مقبوضہ کرائمیا سے داغے گئے 32 ایرانی ساختہ ‘شاہد’ ڈرونز میں سے 23 کو مار گرایا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس نے گوداموں کی کئی تصاویر پوسٹ کیں جن کی چھتوں میں سوراخ تھے اور ایک صنعتی عمارت جس کی کھڑکیاں ٹوٹ گئی تھیں اور اس کی چھت تین گھنٹے سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے حملے کے بعد تباہ ہوگئی تھی۔
پیوٹن اور ترک صدر ایردوان کی ملاقات بحیرہ اسود کے ریزورٹ سوچی میں ہونے والی تھی کیونکہ انقرہ اور اقوام متحدہ اناج کی برآمد کے معاہدے کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے عالمی سطح پر خوراک کے بحران کو کم کرنے میں مدد ملی ہے، انقرہ کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات معاہدے کے لیے اہم ہیں۔
روس نے اقوام متحدہ اور ترکی کی ثالثی میں ہونے والے اس معاہدے کے ایک سال بعد جولائی میں اس معاہدے سے علیحدگی اختیار کی تھی۔
اس نے کہا کہ اس کی اپنی خوراک اور کھاد کی برآمدات کو رکاوٹوں کا سامنا ہے اور یوکرین کا اناج ضرورت مند ممالک کو نہیں جا رہا ہے۔
معاہدے سے دستبرداری کے بعد سے ماسکو نے ڈینیوب پر یوکرین کی بندرگاہوں پر مسلسل حملے کیے ہیں، جو اناج برآمد کرنے اور ایندھن حاصل کرنے کے لیے کیف کا اہم راستہ بن چکا ہے۔