ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ داغستان میں ایک پٹرول پمپ پر دھماکے کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ہنگامی صورتحال کی وزارت کی جانب سے فراہم کی جانے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جلتی ہوئی گاڑیاں شدید آتشزدگی کی زد میں ہیں اور امدادی کارکن ہیلمٹ پہنے آگ بجھانے اور ملبے کو صاف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سرکاری وزارتوں کا کہنا ہے کہ 35 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوئے ہیں۔
کریملن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر پیوٹن داغستان میں ہونے والے سانحے کے متاثرین کے اہل خانہ اور دوستوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور متاثرین کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
بڑے واقعات کی تحقیقات کرنے والی تحقیقاتی کمیٹی کی علاقائی شاخ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ مکھاچکلا شہر میں دھماکا ایک ایندھن اسٹیشن میں آگ لگنے کے بعد ہوا۔
کمیٹی کا کہنا تھا کہ کار کی مرمت کے کام کے دوران آگ لگ گئی جس کے بعد دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں لوگ زخمی اور ہلاک ہوگئے۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے ایک فوجداری مقدمہ کھول دیا گیا ہے۔