راولپنڈی (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف نے سیاسی قیادت سے مذاکرات کے لیے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو مکمل اختیارات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت کی جانب سے پارٹی کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے مذاکرات کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی کو سیاسی قیادت سے مذاکرات کے لئے مکمل اختیار دیا جائے گا، سیاسی قیادت سے روابط سے قبل مذاکرات کی شرائط اور طریقہ کار پر مشاورت ہو گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کے حتمی فیصلے کے بعد محمود خان اچکزئی مذاکرات کے لیے روابط آگے بڑھائیں گے، تمام اسٹیک ہولڈرز کا ایک میثاق پر اتفاق رائے ڈائیلاگ کی بنیاد ہو گا۔
ذرائع کے مطابق سیاسی رہنماؤں اور ورکرز کی رہائی کے ساتھ انتخابی عمل کی شفافیت بھی مذاکرات ایجنڈے کا حصہ ہوں گے اور عدلیہ، پارلیمان اور ریاستی اداروں کی آئینی حدود مذاکرات کے نکات میں شامل ہوں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی قیادت بھی مذاکراتی عمل میں شامل ہو گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے بھی مذاکرات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم آئینی اور قانونی حدود میں رہتے ہوئے مذاکرات کے لیے تیار ہیں اور مذاکرات کے لیے اپنے اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لیں گے۔