پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں عام انتخابات کی تاریخ 30 اپریل سے 8 اکتوبر تک ملتوی کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی۔
اس سے ایک روز قبل الیکشن آرگنائزنگ اتھارٹی نے ملک کے سب سے بڑے صوبے میں آئندہ انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا اور سیکیورٹی وجوہات کو منصوبے میں تبدیلی کی بڑی وجہ قرار دیا تھا۔
گزشتہ ماہ سپریم کورٹ کے منقسم فیصلے کی روشنی میں صدر عارف علوی نے الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد پنجاب انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے اعلان کیا کہ وہ آئین کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے زور دے کر کہا کہ 30 اپریل کو انتخابات کرانے کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق حکمراں جماعت کی درخواست میں صوبے میں گزشتہ شیڈول کے مطابق انتخابات کرانے کے لیے عدالتی حکم کی استدعا کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت مخلوط حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ بدھ کو ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا مقصد سپریم کورٹ پر حملہ ہے۔