لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں کارکنان سڑکوں پر نکل آئے، عمران خان کو ضمانت کے لیے عدالت میں پیشی کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور کوئٹہ جیسے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔
مظاہرین عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور بہت سے لوگوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں، جن پر گرفتاری کی مذمت کی گئی ہے۔
تاہم ان مظاہروں کی وجہ سے کئی شہروں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت اجتماعات اور سیاسی سرگرمیوں پر پابندی ہے، وزارت داخلہ کے مطابق یہ اقدام امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
حکام نے متنبہ کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، اس میں ضرورت پڑنے پر طاقت کا استعمال بھی شامل ہے تاکہ مظاہرین کو منتشر کیا جا سکے جو اس پر عمل کرنے سے انکار کرتے ہیں۔
ملک کے کئی حصوں میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے اور پی ٹی آئی کارکنوں نے عمران خان کی رہائی تک احتجاج جاری رکھنے کا عہد کیا ہے۔
مقبول سیاسی رہنما کی گرفتاری نے ان کے حامیوں میں غم و غصہ پیدا کر دیا ہے، جن کا ماننا ہے کہ انہیں غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنایا گیا ہے۔
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے میں پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک گیر احتجاج شروع کردیا۔
پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف گھروں سے باہر نکلیں۔
انہوں نے عمران خان کی گرفتاری کو عدلیہ کی گرفتاری سے تشبیہ دیتے ہوئے لکھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ پر حملہ کیا گیا۔
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ رینجرز نے اسلام آباد ہائی کورٹ پر قبضہ کر لیا ہے، نیم فوجی دستوں کے جوانوں نے کئی وکلاء کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
انہوں نے ایک پوسٹ کو ری ٹویٹ کیا جس میں ایک وکیل کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
دوسری جانب سابق وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے پیغام میں پارٹی کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ لاہور کی لبرٹی مارکیٹ پہنچیں۔
پولیس نے مال اور کینال روڈ کو زمان پارک کی طرف جانے والی ٹریفک کے لیے بند کردیا، جہاں پی ٹی آئی کارکنوں نے ٹائر اور دیگر سامان کو آگ لگا دی۔
اسلام آباد میں ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن سری نگر ہائی وے پر جمع ہوئے اور سڑک بلاک کردی، انہوں نے حکومت کے خلاف اور عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔