پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کے اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کی ملاقات کچھ دیر میں ہوگی جس کے بعد حتمی اعلان کیا جائے گا۔ اعلان کے بعد اسمبلی کی تحلیل کے لیے سمری بھیج دی جائے گی۔ پنجاب کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کی جائے گی۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان کی زیرِ صدارت سینئر قیادت کے اجلاس میں شرکا نے پنجاب اسمبلی فوری طور پر تحلیل کرنے کی رائے دے دی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی تحلیل میں اب تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
ادھر وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے اسپیکر صوبائی اسمبلی سبطین خان، راجہ بشارت و دیگر ممبران سے مشاورت مکمل کرلی۔ تمام رہنماؤں میں اسمبلی کو تحلیل کرنے پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کو آج ہی تحلیل کرنے کا عندیہ دے دیا، وہ کچھ دیر بعد عمران خان سے ملاقات کے لیے زمان پارک روانہ ہوں گے۔
دریں اثنا عمران خان سے پی ٹی آئی ڈویژنل کوآرڈینیٹر اور چیف وہپ پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی پنجاب اسمبلی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سابق وزیر اعظم نے ارکان کو الیکشن کی تیاری کرنے کی ہدایت کر دی۔
عمران خان نے کہا کہ فوری طور پر اسمبلی توڑ کر ہم الیکشن میں جائیں گے، ملک میں جاری بحرانوں کا حل مضبوط حکومت ہے جو عوامی مینڈیٹ سے آئے۔
ملاقات میں انہوں نے پنجاب اسمبلی میں شاندار کامیابی پر پوری ٹیم کو شاباشی دی۔ عمران خان نے کہا کہ ہماری ٹیم نے کل امپورٹڈ ٹولے کو تاریخی سرپرائز دیا، ارکان نے کروڑوں کی آفرز اور دھمکیوں کو بالائے طاق رکھ کر ووٹ ڈالا، کل بھی کہا تھا کہ ریڈ لائن صرف اللہ کی ذات اور عوام ہی لگاتی اور ہٹاتی ہے۔