پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پُرامن ریلی نکلے گی اور عمران خان اس کی قیادت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت لاشیں گرا کر انتخابات ملتوی کروانا چاہتی ہے اور نگران وزیر اعلیٰ کہہ دیں کہ وہ پی ڈی ایم کے وزیر اعلیٰ ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتظامیہ نے آج پھر 144 نافذ کردی، جس کا کوئی جواز نہیں بنتا، وکلاء کی ٹیم کے ذریعے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے درخواست کریں گے کہ 144 کا نفاذ ختم کروایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعوان سپریم کورٹ میں بھی اپیل کریں گے اور چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات بھی کریں گے، انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ 2 بجے سے پہلے زمان پارک پہنچیں اور پرامن رہیں، قانون ہاتھ میں نہیں لیں۔
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا کہ یہ لوگ زندگی میں کوئی الیکشن نہیں لڑے صرف سازشوں سے عہدے حاصل کر کے بیٹھے ہیں۔
پنجاب حکومت کے سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں، یہ لوگ زندگی میں کوئ الیکشن نہیں لڑے صرف سازشوں سے عہدے حاصل کر کے بیٹھے ہیں ، الیکشن کمیشن سے کہا ہے پنجاب حکومت کے 144 لگانے کے عمل کو کالعدم قرار دے، ریلی پروگرام کے مطابق ہو گی
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 11, 2023
انہوں نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے 144 لگانے کے عمل کو کالعدم قرار دے لہٰذا ریلی پروگرام کے مطابق ہو گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وہ پنجاب حکومت کے سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں۔