پاکستان تحریک انصاف کے اعلیٰ سطحی وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کے دوران نگران حکومت کے رویے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
پی ٹی آئی کے وفد میں وائس چیئرپرسن شاہ محمود قریشی، سیکرٹری جنرل اسد عمر اور ملیکہ علی بخاری شامل تھیں۔
انتخابی ادارے کے سربراہ سے ملاقات میں سابق حکمران جماعت کے رہنماؤں نے پنجاب کی نگران حکومت کے رویے پر بات کی۔
انہوں نے انتخابی مہم اور بدھ کے روز لاہور کی صورتحال کا معاملہ بھی اٹھایا، جہاں پولیس نے پی ٹی آئی کے مجوزہ جلسے کو ناکام بنانے کے لئے طاقت کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دیگر زخمی ہوگئے۔
وفد نے پنجاب میں آئندہ انتخابات میں بیوروکریسی کے افسران کی بطور ریٹرننگ آفیسر تعیناتی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو بتایا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے جوڈیشل افسران کو آر اوز کے فرائض سرانجام دینے سے انکار کے بعد کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔