لاہور: پی ٹی آئی چھوڑنے والے ہم خیال ارکان نے کسی اور جماعت میں شامل ہونے کے بجائے ‘ڈیموکریٹس’ کے نام سے نیا گروپ بنانے کا اعلان کردیا۔
تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرنے والے ہم خیال اراکین کا اجلاس ڈاکٹر مراد راس اور ہاشم ڈوگر کی زیر صدارت ہوا، جس میں گروپ کے نام کو حتمی شکل دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہم خیال اراکین فی الحال جہانگیر ترین گروپ میں شامل نہیں ہوں گے۔
ارکان ڈیموکریٹس کے طور پر اپنی الگ شناخت رکھیں گے، گروپ میں شامل ہونے والے ارکان کی شناخت ظاہر نہیں کی جائے گی، یہ گروپ الیکشن کمیشن میں بھی رجسٹرڈ نہیں ہوگا۔
ڈیموکریٹس گروپ کے ایک اہم رکن ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ وہ ایک علیحدہ گروپ کے طور پر اپنی شناخت بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان مسلم لیگ (ق)، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل نہیں ہوں گے، وہ تمام لوگوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مستقبل کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، جہانگیر ترین گروپ کے فیصل حیات جیوانا اور اجمل چیمہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔