اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ موبائل براڈ بینڈ سروسز بند کرنے کا فیصلہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کے بعد احتجاج کے باعث سروسز بند کردی گئی تھیں۔
اس کے علاوہ ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام سمیت بڑی سوشل میڈیا سائٹس بھی مبینہ طور پر پاکستان میں بہت سے صارفین کے لیے بند ہیں کیونکہ وہ گزشتہ روز سے ان پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔
سابق وزیراعظم کی گرفتاری کے بعد بدامنی پھیلنے کے بعد پرتشدد مظاہروں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئیں، جس کے بعد موبائل براڈ بینڈ سروسز بند کردی گئیں۔
ترجمان پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ ریگولیٹری اتھارٹی کو ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے بند ہونے کی رپورٹس بھی موصول ہو رہی ہیں، تاہم ان رپورٹس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔