اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے 10 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، ایک باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی اپنی تحقیقات اور انکوائری کے سلسلے میں کسی بھی ایجنسی کی مدد لے سکے گی۔
کمیٹی جامع تحقیقات کرے گی اور قومی اسمبلی کو رپورٹ پیش کرے گی، محمد اسلم بھوتانی کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں شاہدہ اختر علی، محمد ابوبکر، برجیس طاہر، شیخ روحیل اصغر، سید حسین طارق، ناز بلوچ، خالد مگسی، وجیہہ قمر اور افضل ڈھنڈلا شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق چیف جسٹس کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک ہوئی تھی، جس میں نجم ثاقب کو مبینہ طور پر پی ٹی آئی ٹکٹ کے بدلے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کرتے ہوئے سنا گیا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔