رسالپور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی سرمائے کی قیمت پر کئے گئے سخت فیصلوں کی وجہ سے پاکستان چیلنجز پر قابو پانے کی راہ پر گامزن ہے۔
وزیراعظم نے پاک فضائیہ کی اصغر خان اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ عالمی معاشی بحران کے باوجود پاکستان کے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو عالمی منڈیوں میں رکاوٹوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا ہمیں لچک پیدا کرنے اور اپنی معیشت کو عالمی جھٹکوں سے بچانے کی ضرورت ہے، یہ اس صورت میں ممکن ہے جب ہم طویل اور سخت سوچیں اور معیشت کو پائیدار بنانے کے لئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کروائیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لیے وہ ہمیشہ میثاق معیشت کے پرزور حامی رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم اپنی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور تمام ممالک بالخصوص ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے، تاہم اسلام آباد کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں اور دنیا پر زور دیتے ہیں کہ وہ اگست 2019 کے بعد بھارت کی جانب سے غیر قانونی تبدیلیوں کا نوٹس لے۔