وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی پانچویں کانفرنس برائے کم ترقی یافتہ ممالک میں شرکت کریں گے۔
5 سے 9 مارچ تک منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں ایل ڈی سیز میں پائیدار ترقی کو تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا، جس سے انہیں خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم 6 مارچ کو کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم امیر قطر کی جانب سے سربراہان مملکت و حکومت کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں بھی شرکت کریں گے۔
دوحہ میں وزیراعظم کانفرنس کے موقع پر شرکت کرنے والے رہنماؤں اور وفد کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
کانفرنس میں، رہنما ایل ڈی سی کے حق میں اضافی بین الاقوامی حمایت کے اقدامات اور کارروائی کو متحرک کریں گے اور ایل ڈی سیز اور ان کے ترقیاتی شراکت داروں کے مابین تجدید شدہ شراکت داری پر اتفاق کریں گے۔
پاکستان دنیا بھر میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لئے گلوبل ساؤتھ کی اجتماعی آواز کو بڑھانے کے لئے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارمز پر قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔
2022ء کے دوران گروپ 77 اور چین کے چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان نے ایل ڈی سی کے چیئرمین اور قطر کی جانب سے کم ترقی یافتہ ممالک کے لیے دوحہ پروگرام آف ایکشن کو اتفاق رائے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے اس کی توثیق کو یقینی بنانے کی کوششوں کی بھرپور حمایت کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی کانفرنس میں شرکت سماجی ترقی اور معاشی خوشحالی کی تلاش میں کم ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ پاکستان کی حمایت اور یکجہتی کی عکاسی کرے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے 2030 کے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول کے لئے جنوبی جنوبی تعاون کے فریم ورک سمیت نفاذ کے موثر ذرائع پر مبنی عالمی شراکت داری کی بحالی کی حمایت کرتا ہے۔