وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کے بھائی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے سخت اقدامات کرنے کو کہا ہے۔
لندن نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے اس وقت اقتدار سنبھالا جب پاکستان مشکلات کا شکار تھا اور اب وہ اسے بحرانوں سے نکالنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان کا دورہ برطانیہ کامیاب رہا اور انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے بھی اہم ملاقات کی، جس میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اور اس بالادستی کو برقرار رکھنے کی جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت بنانے والی تمام جماعتیں ملک کے مسائل کے حل کے لیے فکرمند ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ کے شاہ چارلس سوم سے ان کی ملاقات اچھی رہی اور شاہ نے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔