وزیراعظم شہباز شریف نے صحافیوں، میڈیا ورکرز اور فنکاروں کے لیے صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ہیلتھ انشورنس کارڈ کا آغاز کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے انشورنس اسکیم کو صحافت کے شعبے میں ایک انقلابی اقدام قرار دیا۔
ہیلتھ انشورنس کارڈ کے اقدام سے ملک بھر کے ہزاروں صحافیوں، میڈیا ورکرز اور فنکاروں کو فائدہ پہنچے گا۔
اس اسکیم کے تحت مستحقین 1200 ہسپتالوں میں سالانہ 15 لاکھ روپے تک کی صحت کی مفت سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کام کرنے والے صحافیوں اور فنکاروں کے لئے ہیلتھ انشورنس اسکیم شروع کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے خصوصی فنڈ کے قیام کا بھی اعلان کیا جس کے تحت فرائض کی انجام دہی کے دوران جاں بحق ہونے والے صحافیوں میں سے ہر ایک کو 40 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان کوڈ کی رونمائی بھی کی گئی جو فیڈرل انٹیجیبلز ایپ اور ویب سائٹ کا ڈیجیٹل ذخیرہ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس سے عوام کو ہر قسم کے وفاقی قوانین تک آسانی سے رسائی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔