اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صوبوں اور انتظامی اکائیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کے حوالے سے جامع حکمت عملی وفاقی حکومت کو پیش کریں۔
اشیائے ضروریہ اور اشیائے خوردونوش کی دستیابی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے رمضان بازاروں میں نرخوں کو کنٹرول کرنے کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بڑے شہروں میں رمضان بازاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ آبادی کو ایڈجسٹ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں انہوں نے مرکز اور صوبوں کے درمیان رابطے بہتر بنانے پر زور دیا اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترجیحی بنیادوں پر ضروری اشیاء کی درآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین کو بہتر بنانے اور ان کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گندم، دالوں اور خوردنی تیل سمیت دیگر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت صوبوں کو مطلوبہ گندم فراہم کر رہی ہے، کچھ صوبے شہریوں تک کم نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے موبائل فون ایپلی کیشنز کا استعمال کر رہے ہیں۔