کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری ون ڈے میں آج آمنے سامنے ہوں گی، مسلسل چار فتوحات کے بعد گرین شرٹس کی نظریں کلین سویپ پر مرکوز ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں ون ڈے میچ میں کپتان بابر اعظم اپنا 100واں ون ڈے میچ کھیلیں گے اور دونوں ٹیمیں ایک بار پھر سیریز کے فائنل میچ کے لیے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میدان میں اتریں گی۔
میچ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہوگا اور جیت کی صورت میں پاکستان کی آئی سی سی رینکنگ مضبوط ہو جائے گی، جبکہ اس میچ میں شکست کی صورت میں پاکستان پہلی پوزیشن چھین لے گا۔
سب کی نظریں نیشنل اسٹیڈیم پر لگی ہوئی ہیں کہ کیا پاکستان کی ٹیم جیت کے ساتھ ون ڈے رینکنگ میں نمبر ایک پوزیشن برقرار رکھ پاتی ہے یا پھر مہمان ٹیم جیت کے ساتھ واپسی کرے گی۔