کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اندرون ملک اور بیرون ملک پروازیں منسوخ کردی ہیں۔
اس سے قبل قومی ایئرلائن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا تھا کہ اگر ہنگامی فنڈز فراہم نہ کیے گئے تو 15 ستمبر (آج) تک فلائٹ آپریشن معطل ہونے کا خدشہ ہے۔
12 اگست کو فنڈز کی کمی اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو ایندھن کی فراہمی کی ادائیگی میں ناکامی کی وجہ سے کراچی آنے اور جانے والی متعدد اندرون ملک پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے شیڈول کے مطابق پی آئی اے کی کراچی سے بہاولپور (پی کے 588 اور پی کے 589) اور کراچی سے لاہور جانے والی پروازیں (پی کے 302 اور پی کے 303) منسوخ کردی گئی ہیں۔
کراچی سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 368 3 گھنٹے جبکہ کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 304 ساڑھے آٹھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔
پی آئی اے کی کراچی اور رحیم یار خان جانے والی پروازیں (پی کے 582 اور پی کے 583) منسوخ کردی گئیں جبکہ کراچی سے ملتان (پی کے 330) اور دبئی (پی کے 213) کی پروازیں دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔
اس کے علاوہ اسلام آباد سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 301، اسلام آباد سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 753 تین گھنٹے اور لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 305 ڈھائی گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔