پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے درمیان ایندھن کی قلت پر قابو پانے کے لیے اہم معاہدہ طے پا گیا ہے۔
اس مفاہمت سے پاکستان میں ایوی ایشن کے شعبے کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق آنے والے دنوں میں ایوی ایشن فیول کی فراہمی میں بتدریج اضافہ ہونے والا ہے۔
اس کے نتیجے میں معمول کی پروازوں کے شیڈول کی واپسی ہوگی جو ایندھن کی قلت کے مسئلے کی وجہ سے متاثر ہوئے تھے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پی ایس او کی اعلیٰ انتظامیہ نے اس معاہدے کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سرکاری آئل فرم نے پی آئی اے کی کریڈٹ حد میں مزید 5 ارب روپے کی توسیع کرکے اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
اس مالی امداد کو قومی ایئرلائن کے آپریشنز کو مضبوط بنانے میں ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
پی ایس او نے پروازوں کو آپریشنل رکھنے کے لئے روزانہ 10 ارب روپے کے ایندھن کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس سے قبل کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کے لیے 8 ارب روپے کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دی تھی۔
پی آئی اے پہلے ہی 15 ارب روپے کی کریڈٹ لائن استعمال کر چکی ہے لیکن یہ تازہ ترین معاہدہ پی آئی اے کے آپریشنز کی بحالی کے عزم کی تجدید کی عکاسی کرتا ہے۔