پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کو 24 گھنٹوں کے دوران 20 پروازیں منسوخ کرنے کے باعث بین الاقوامی اور اندرون ملک پروازوں میں تاخیر کا سامنا ہے۔
بیرون ملک سے آنے والے دو ہزار سے زائد مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے اور اندرون ملک پروازوں کی تاخیر سے ایک ہزار سے زائد مسافر متاثر ہیں۔
عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے افراد احرام میں کئی گھنٹوں تک ایئرپورٹ پر پھنسے رہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) قومی ایئرلائن کو ایندھن کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے سے قاصر ہے کیونکہ پی آئی اے ادائیگیاں نہیں کرسکی۔
دوسری جانب وزارت مذہبی امور نے بھی پی آئی اے کو 55 کروڑ روپے ادا نہیں کیے کیونکہ وزارت کو حج آپریشن 2023 کے ٹکٹوں کی ادائیگی کرنی تھی۔
علاوہ ازیں اسلام آباد سے دبئی جانے والی پرواز کو ایندھن کی فراہمی میں پیچیدگیوں کے باعث کئی گھنٹوں کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
فلائٹ آپریشن سے کوئٹہ، پشاور، ملتان اور سیالکوٹ سمیت ملک بھر کے دیگر ہوائی اڈے بھی متاثر ہوئے جہاں قومی ایئرلائن کے مسافروں کو کئی گھنٹوں کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ سبینہ فاروق نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا کہ ان کی پرواز 16 گھنٹے تاخیر کا شکار رہی اور جب انہوں نے اس معاملے پر بات کرنے کی کوشش کی تو انہیں پی آئی اے حکام کی جانب سے نامناسب رویے کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری محکموں نے نوجوانوں کو بھرتی نہ کرکے اپنے عملے کو بہت ‘قابل فخر اور بدتمیز’ بنا دیا ہے۔
اس کے جواب میں اداکارہ عائشہ عمر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سبین کی اسٹوری کو لنک کرتے ہوئے کہا کہ یہ ‘بدقسمتی’ ہے کہ انہیں پی آئی اے کا ٹکٹ مل گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ لاہور ایئرپورٹ پر پھنسی ہوئی ہیں اور ان کی پرواز اب بھی تاخیر کا شکار ہے۔