حکومت نے ایک بار پھر مہنگائی کے ستائے عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری کرلی ہے، پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 60 پیسے تک اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حکومت کو دو تجاویز بھجوائیں ہیں، جس میں پیٹرول اور ڈیزل پر دو سے 5 فیصد فی لیٹر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
دو فیصد جی ایس ٹی سے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے اور 5 فیصد سے 13 روپے 60 پیسے تک اضافے کا امکان ہے۔
حکومت کو ڈیزل پر 5 سے 10 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے اور قیمت میں 15 روپے فی لیٹر تک اضافہ کرنے کی تجویز بھی بھجوائی دی گئی ہے۔
گزشتہ 15 روز میں عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اس لیے اوگرا نے دوسری تجویز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کی دی ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 74 ڈالر فی بیرل تک رہی، جس کے تناسب سے ٹیکس عائد کر کے بھی قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں۔
پیٹرولیم قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد کریں گے، جن کا اطلاق آج رات 12بجے تک ہونے کا امکان ہے۔