پی ڈی ایم کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام کے اپنے ہی دھڑے کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز مولانا کی جانب سے بلائے گئے احتجاج میں شرکت کے لیے سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے ہیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو متعدد مقدمات میں ضمانتیں دینے کے خلاف پی ڈی ایم کی چھتری تلے احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ مظاہرین ریڈ زون میں داخل ہو چکے ہیں اور اب تک صورتحال پرامن ہے، کیونکہ متعدد گروپوں نے سپریم کورٹ پہنچنا شروع کر دیا ہے۔
حکام نے مظاہرین پر زور دیا ہے کہ وہ پرامن رہیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں، جے یو آئی (ف) کے کارکنوں کی جانب سے چوراہے کا گیٹ کھلنے کے بعد پی ڈی ایم کے مظاہرین سرینا چوک سے ریڈ زون کی جانب بڑھنا شروع ہوگئے ہیں۔
جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عبدالواسع بھی سرینا چوک پہنچ گئے ہیں، ان کا اصرار ہے کہ احتجاج سپریم کورٹ کے باہر کیا جائے گا اور مقام تبدیل نہیں کیا جائے گا۔
سپریم کورٹ کے باہر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کے لیے اتحادی جماعتوں کے متعدد قافلے اپنی مقامی قیادت میں ملک کے کونے کونے سے وفاقی دارالحکومت کی جانب رواں دواں ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی نمائندگی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سینئر رہنما نیر بخاری، نوید قمر اور رانا فاروق کریں گے۔