لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے کپتان بابر اعظم اور دیگر سینئر کرکٹرز سے مشاورت کے بعد کھلاڑیوں کے نئے کنٹریکٹ کو حتمی شکل دے دی ہے۔
واضح رہے کہ موجودہ سینٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہو رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پی سی بی نے سیزن 2023-24 کے لیے کھلاڑیوں کے لیے نئے معاہدوں پر کام شروع کر دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں متعدد تبدیلیاں متوقع ہیں جن میں کئی کھلاڑیوں کی پروموشن اور ڈیموشن شامل ہے۔
پی سی بی اس بات پر بھی غور کر رہا ہے کہ کیا اسے وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ کی بنیاد پر الگ الگ کنٹریکٹ دینا جاری رکھنا چاہیے۔
ریٹائرمنٹ کی وجہ سے تجربہ کار بلے باز اظہر علی کو سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی فہرست سے باہر رکھا جائے گا۔
دوسری جانب فواد عالم، یاسر شاہ، نعمان علی، خوشدل شاہ، عثمان قادر اور زاہد محمود کے بھی سینٹرل کنٹریکٹ ختم ہونے کا امکان ہے۔
تاہم افتخار احمد، صائم ایوب، احسان اللہ، اسامہ میر اور زمان خان کو اس فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی فہرست کے اعلان کے بعد فاسٹ بولر حارث رؤف اور نسیم شاہ کو ترقی دی جاسکتی ہے۔