کراچی (ٹیک ڈیسک): سام آلٹمین ایک بار پھر اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کی حیثیت سے واپس کمپنی کا حصہ بن رہے ہیں۔چیٹ جی پی ٹی جیسا مقبول آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ تیار کرنے والی امریکی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے گزشتہ دنوں ڈرامائی انداز سے سام آلٹمین کو سی ای او کے عہدے سے برطرف کر دیا تھا جس کے بعد کمپنی کے متعدد عہدیداران مستعفی ہو گئے تھے جبکہ اس کے لیے کام کرنے والے 750 افراد میں سے لگ بھگ سب نے کام چھوڑنے کی دھمکی دی تھی۔اب سام آلٹمین کے ساتھ ساتھ سابق صدر گریگ بروک مین بھی اوپن اے آئی میں واپس آ رہے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سام آلٹمین کی بحالی ایک اصولی معاہدے کے تحت ہو رہی ہے۔
اس معاہدے کے تحت سام آلٹمین کی واپسی کے ساتھ نیا بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دیا جائے گا اور پرانے بورڈ میں سے صرف ایک فرد برقرار رہے گا۔
3 رکنی نیا بورڈ سب سے پہلے 9 افراد پر مشتمل نیا بورڈ تشکیل دے گا جس میں اوپن اے آئی میں 10 ارب ڈالرز سے زائد سرمایہ کاری کرنے والی کمپنی مائیکرو سافٹ کو بھی ایک نشست دی جائے گی جبکہ سام آلٹمین بھی اس کا حصہ ہوں گے۔
سام آلٹمین کی جانب سے ایک ایکس پوسٹ میں کہا گیا کہ وہ ایک بار پھر اوپن اے آئی میں واپس لوٹ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ 17 نومبر کو سام آلٹمین کو اچانک اوپن اے آئی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔
اس وقت کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سام آلٹمین کی جانب سے کیے جانے والے فیصلوں پر بورڈ کو اعتماد میں نہ لینے پر انہیں عہدے سے ہٹایا جا رہا ہے۔
سام آلٹمین کی برطرفی کے بعد اوپن اے آئی کے صدر اور شریک بانی گریگ بروک مین سمیت متعدد عہدیداران مستعفی ہوگئے تھے۔
بعد ازاں 20 نومبر کو مائیکرو سافٹ نے کہا تھا کہ سام آلٹمین مائیکرو سافٹ میں اے آئی ٹیکنالوجی پر کام کرنے والی نئی ٹیم کی سربراہی کریں گے۔
مائیکرو سافٹ کے چیئرمین اور سی ای او ستیہ نڈیلا نے بتایا کہ سام آلٹمین کے ساتھ ساتھ اوپن اے آئی کے سابق صدر اور شریک بانی گریگ بروک مین اور دیگر ساتھی بھی نیو ایڈوانسڈ اے آئی ریسرچ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
سام آلٹمین 5 دن میں اوپن اے آئی کے چوتھے سی ای او ہوں گے۔
17 نومبر کو ان کی برطرفی کے بعد میرا مورتی کو عارضی سی ای او مقرر کیا گیا تھا اور ایک دن بعد ہی Emmet Shear کو یہ عہدہ دے دیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اوپن اے آئی کی جانب سے ایک خودمختار کمپنی سے سام آلٹمین کی برطرفی کے معاملے پر تحقیقات کرائی جائے گی۔