حماس کے زیر انتظام غزہ کی پٹی کی وزارت صحت نے اتوار کے روز کہا ہے کہ گذشتہ ماہ اسرائیل کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد سے فلسطینی علاقے میں کم از کم 9،770 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
وزارت نے کہا کہ جنوبی اسرائیل میں حماس کے عسکریت پسندوں کی جانب سے سات اکتوبر کو کیے گئے حملوں کے جواب میں اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر حملے شروع کیے ہیں جس کے بعد سے ہلاک ہونے والوں میں کم از کم 4800 بچے شامل ہیں۔
امریکہ کے اعلیٰ سفارت کار انٹونی بلنکن نے اتوار کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کا غیر اعلانیہ دورہ کیا جہاں فلسطینی صدر محمود عباس نے ان پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو جنگ بندی پر راضی کریں کیونکہ رات گئے ایک پناہ گزین کیمپ پر حملے میں مزید افراد ہلاک ہوئے تھے۔
حماس کے زیر انتظام غزہ کی پٹی میں وزارت صحت کے ایک ترجمان نے اتوار کے روز کہا تھا کہ اسرائیلی فوج نے رات گئے مغازی پناہ گزین کیمپ پر حملہ کیا جس میں کم از کم 47 افراد ہلاک ہو گئے۔