دیر، چترال، باجوڑ، مہمند اور خیبر میں پاکستان سپورٹس فیسٹیول 2023 انتہائی جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
فیسٹیول کا آغاز یکم فروری کو ضلعی انتظامیہ اور فرنٹیئر کور (ایف سی) نارتھ کے تعاون سے ہوا تھا۔
اختتامی تقریبات متعلقہ اضلاع میں الگ الگ منعقد ہوئیں، ایف سی نارتھ کے انسپکٹر جنرل میجر جنرل نور ولی خان ضلع خیبر کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
کھلاڑیوں نے مارچ کیا جبکہ بچوں نے مختلف ٹیبلو اور جمناسٹک پیش کیے، مقامی فنکاروں نے روایتی خٹک، محسود اور چترالی رقص پیش کیے اور بینڈ نے مختلف روایتی گیت بجائے۔
فیسٹیول میں مجموعی طور پر 971 ٹیمیں اور مختلف اسکولوں، مدرسوں اور کالجوں کے 9,375 کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیا، ان میں کرکٹ، فٹ بال، ہاکی، والی بال، ٹیبل ٹینس، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، سائیکلنگ اور مختلف اسنو اسپورٹس شامل تھے۔
فیسٹیول کے دوران پہلی بار معذور افراد کے لیے کرکٹ اور وہیل چیئر میچز کا بھی انعقاد کیا گیا۔
اختتامی تقریب میں ایف سی نارتھ کے آئی جی نے بہترین ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں، جس میں نوجوانوں، عمائدین، سینئر سول و عسکری حکام اور دیگر مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔