وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو خطے میں مختلف بحرانوں کا سامناہے، پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متعلق ہر فورم پر آواز اٹھائی۔
اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نقصانات کا سامنا ہوا، جینوا کانفرنس میں سیلاب متاثرین کے لیے فنڈریزنگ معاملے پر کامیابی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ چین امریکا سمیت دنیا بھر نے پاکستان کا مشکل میں ساتھ دیا، اگر دنیا نے مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے تو یہ ہماری بہترین خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا بھرکے ممالک خارجہ پالیسی ملکی مفاد کے مطابق مرتب کرتے ہیں، پاکستان بھی بین الاقوامی برادری کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ خطے میں علاقائی امن کے قیام کے لیے اقدامات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔