عبدالرحمٰن کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت پاکستانی ٹیم نے جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو 6-2 سے شکست دے دی۔
ملائیشیا نے 21 ویں منٹ میں پیرابو تانگراجا کے گول کی مدد سے ابتدائی برتری حاصل کر لی لیکن 42 ویں منٹ میں محمد سفیان نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی۔
اس کے بعد عبدالرحمان نے 44 ویں منٹ میں اپنا پہلا گول کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، تاہم ملائیشیا نے فوری طور پر جواب دیا اور ایک منٹ بعد ہی میچ برابر کر دیا۔
عبدالحنان نے 47 ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے ٹیم کو کنٹرول میں لایا اور برتری حاصل کی اور مخالف ٹیم کو بیک فٹ پر ڈال دیا۔
عبدالرحمٰن نے اپنی متاثر کن کارکردگی جاری رکھتے ہوئے 48 ویں اور 51 ویں منٹ میں لگاتار دو گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔
عمان کے شہر سلالہ میں کھیلے گئے میچ کے 58 ویں منٹ میں ابرار احمد کے گول کی بدولت پاکستان نے 6-2 سے فتح حاصل کی۔
اس شاندار فتح نے گرین شرٹس کی مسلسل تیسری بار اور مجموعی طور پر ساتویں بار جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنائی۔
فائنل میں ان کا مقابلہ اپنے روایتی حریف بھارت سے ہوگا کیونکہ بھارت نے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کو 9-1 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
پاکستان اور بھارت دونوں ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہے ہیں اور اس سے قبل گروپ مرحلے میں ایک دلچسپ مقابلے میں آمنے سامنے ہوئے تھے جو 1-1 سے برابر رہا تھا۔