وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس کی صدارت وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کی جس میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ اور حنا ربانی کھر، وزیر مملکت برائے امور خارجہ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران آئندہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی ممکنہ شرکت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے بھی اس معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے بھارت میں پاکستانی ٹیم کے حوالے سے سیکیورٹی کا معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پاکستان کرکٹ ٹیم کو میگا ایونٹ میں شرکت کی اجازت صرف اسی صورت میں دی جائے گی جب آئی سی سی کی جانب سے سیکیورٹی گارنٹی فراہم کی جائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اگست کے تیسرے ہفتے میں ایک سیکیورٹی وفد بھارت بھیجا جائے گا۔
یہ وفد پاکستان کے میچوں کی میزبانی کے لیے مخصوص مقامات پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کا ذمہ دار ہوگا۔
وفد کی جانب سے فراہم کی گئی سیکیورٹی کلیئرنس کی بنیاد پر پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
پاکستانی حکام اس پورے عمل کے دوران بھارت اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔