بابر اعظم اور محمد رضوان سمیت ٹاپ پاکستانی کرکٹرز نے مختلف فرنچائز ٹی 20 لیگز کے ساتھ اپنے معاہدوں میں ایک شق شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ تمباکو، شراب، سروگیٹ بیٹنگ مصنوعات، سور کا گوشت اور بالغ تفریح جیسی مخصوص کیٹیگریز کی مصنوعات یا خدمات کی حمایت یا تشہیر نہیں کریں گے، یہ ان کی مذہبی، ثقافتی اور ذاتی اقدار کے عین مطابق ہے۔
کھلاڑی ان مصنوعات یا خدمات کے لئے تشہیری سرگرمیوں میں اپنی تصاویر کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، اور انہیں ان سے کوئی مالی معاوضہ نہیں ملے گا، اس کے بجائے، ان کا معاوضہ متبادل اسپانسرشپ، ٹیم سپورٹ، یا لیگ مالکان کی طرف سے کیے گئے معاہدوں سے آئے گا.
ان کھلاڑیوں کا ایک حصہ ان شرائط کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سامنے لے کر آیا ہے اور انہیں سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی ضم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ سروگیٹ بیٹنگ کمپنیوں کی اسپانسرشپ کا پھیلاؤ پاکستان میں نمایاں ہو گیا ہے۔
ان میں سے کچھ کمپنیوں کو سپانسر بننے کے لیے نام وں میں معمولی تبدیلیوں سے گزرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے اسپانسر شپ کی کمی کی وجہ سے پی سی بی ان کے ساتھ شراکت داری کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔
تاہم پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ ان سپانسرز کے ساتھ موجودہ معاہدوں کی مدت ختم ہونے کے بعد ان کی تجدید نہیں کی جائے گی۔
بابر اعظم نے سری لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کے حالیہ سیزن کے دوران کولمبو اسٹرائیکرز کی جرسی پر سروگیٹ بیٹنگ کمپنی کا لوگو دکھانے سے بھی انکار کر دیا تھا۔
انہوں نے اپنی شرٹ پر لوگو لگانے سے سختی سے انکار کردیا اور یہاں تک کہ کولمبو اسٹرائیکرز کے ساتھ اپنے معاہدے میں بھی اس شرط کو شامل کیا، قابل ستائش بات یہ ہے کہ فرنچائز نے ان کی خواہشات کا احترام کیا اور ان کی حمایت کی۔
واضح رہے کہ سری لنکا پریمیئر لیگ کے دوران ایسے واقعات سامنے آئے تھے جہاں پاکستانی کرکٹرز کی تصاویر سروگیٹ کمپنیوں کی جانب سے استعمال کی گئیں، تاہم فوری قانونی کارروائی کے نتیجے میں چند گھنٹوں کے اندر ان تصاویر کو ہٹا دیا گیا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران متعدد فرنچائزز کی سروگیٹ کمپنیوں کے ساتھ شمولیت کی وجہ سے ممکنہ تنازعات پیدا ہوسکتے ہیں۔
فرنچائز مالکان اس معاملے پر پی سی بی سے وضاحت طلب کر رہے ہیں تاہم انہیں ابھی تک مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف سے رابطے کا موقع نہیں ملا۔