ایشیا کپ کا افتتاحی میچ کل سے ملتان میں پاکستان اور نیپال کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستان نے ایشیا کپ کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، افغانستان سیریز کے بعد، جس میں مین ان گرین نے 3-0 سے کامیابی حاصل کی، انہوں نے طیب طاہر کی جگہ سعود شکیل کو اسکواڈ میں شامل کیا۔
مستحکم لائن اپ کی وجہ سے پاکستان کا ایشیا کپ کے پہلے میچ میں کوئی تجربہ کرنے کا امکان نہیں ہے، بیٹنگ آرڈر میں ٹاپ پر پاکستان کے باقاعدہ اوپنر فخر زمان اور امام الحق ہوں گے۔
ٹیم کی قیادت کرنے والے بابر اعظم تیسرے نمبر پر اپنا روایتی عہدہ سنبھالیں گے۔ وہ دنیا کے ٹاپ رینکنگ ون ڈے بلے باز کی حیثیت سے اپنی حیثیت برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہوں گے۔
چوتھے نمبر پر وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ہوں گے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر بالترتیب سلمان آغا اور افتخار احمد ہوں گے۔
افتخار احمد، جو اپنی متاثر کن لیٹ آرڈر بیٹنگ کے لئے جانے جاتے ہیں، آغا کے ساتھ مل کر ون ڈے میں پاکستان کی مضبوط کارکردگی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے اسپن بولنگ آل راؤنڈر شاداب خان اور محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
لائن اپ میں آخری تین جگہوں پر حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہوں گے جو اپنی تیز رفتاری اور بلے بازوں کو شکست دینے کی صلاحیت کے لیے جانے جاتے ہیں۔
پاکستان کی متوقع الیون میں بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان( وکٹ کیپر)، آغا سلمان، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔