پی سی بی نے نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد جنوری 2024 میں وائٹ بال سیریز کھیلنے کی تجویز پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ بورڈ نے امریکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی تیاری کے لیے پی سی بی سے وائٹ بال سیریز کے لیے رابطہ کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سیریز پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی یا تین ایک روزہ میچوں کی سیریز پر مشتمل ہوسکتی ہے کیونکہ اس عرصے کے دوران دونوں ٹیموں کی کوئی بین الاقوامی وابستگی نہیں ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز 14 دسمبر سے پرتھ کے آپٹس اسٹیڈیم میں شروع ہوگی جبکہ سیریز 7 جنوری کو سڈنی میں اختتام پذیر ہوگی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم جنوری کے دوسرے نصف میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز بھی کھیلے گی جس کے تحت انہیں سیریز کے انعقاد کے لیے خالی مدت دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں نے حال ہی میں پاکستان میں جامع سیریز کا اختتام کیا تھا جس میں دو مرحلوں میں مجموعی طور پر آٹھ ون ڈے، پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ٹیسٹ شامل تھے۔
ٹیسٹ سیریز ڈرا پر ختم ہوئی کیونکہ تینوں میچوں کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا جبکہ مہمان ٹیم نے پہلے مرحلے میں تین میچوں کی ون ڈے سیریز 2-1 سے جیت لی۔
سیریز کے دوسرے مرحلے میں پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-2 سے برابر ی پر ختم ہوئی جس میں ایک میچ بارش کی وجہ سے ضائع ہوگیا جبکہ میزبان ٹیم نے ون ڈے سیریز 4-1 سے جیت لی۔