نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مون سون بارشوں کے باعث مزید 9 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
25 جون سے اب تک ملک بھر میں مون سون بارشوں سے ہونے والی اموات کی تعداد 76 تک جا پہنچی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ پندرہ دنوں میں بارشوں کی وجہ سے مرنے والوں میں 31 بچے، 30 مرد اور 15 خواتین شامل ہیں، سب سے زیادہ 48 اموات پنجاب میں ہوئی ہیں۔
خیبر پختونخوا میں 20، بلوچستان میں 5 اور آزاد جموں و کشمیر میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
اتھارٹی نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ بارش سے متعلق واقعات میں زخمی ہونے والے 130 سے زائد افراد میں 49 مرد، 38 خواتین اور 48 بچے شامل ہیں۔
ملک بھر میں بارشوں سے اب تک 78 مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ موسلا دھار بارشوں کے باعث ملک کے مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔