ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس ایڈمرل نوید اشرف ایڈمرل امجد خان نیازی کی جگہ پاک بحریہ کی کمان سنبھالیں گے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب 7 اکتوبر کو ہوگی، انہوں نے مزید کہا کہ وائس ایڈمرل کو اسی دن فور اسٹار رینک بھی دیا جائے گا تاکہ وہ چیف آف نیول اسٹاف کی حیثیت سے چارج سنبھالیں۔
وائس ایڈمرل اشرف نے 1989 میں آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا، وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، یو ایس نیول وار کالج اور برطانیہ کے رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز سے فارغ التحصیل ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف اس وقت نیول ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف اسٹاف کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
عہدیدار نے بتایا کہ آنے والے نیول چیف اہم کمانڈ اینڈ اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وہ پاکستان فلیٹ اور پاکستان نیول اکیڈمی کے کمانڈنٹ بھی رہے۔
ان کے علاوہ وائس ایڈمرل اشرف ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ آپریشنز) اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نائب صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔