کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے سینئر رہنما حکیم ناصر خان درانی نے کہا ہے کہ ملک کے غریب، نادار اور پسماندہ طبقے کی سب سے زیادہ خدمت کی، شہید بھٹو، شہید رانی، بیگم نصرت بھٹو، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری تک پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہر دور میں عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے اور کبھی بھی پیچھے ہٹنے کو ترجیح نہیں دی۔
کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اگلے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی اور بلاول بھٹو زرداری ملک کے نئے وزیر اعظم بنیں گے، کیونکہ غریب عوام سمجھتے ہیں کہ ان کے دکھوں اور تکالیف کے خاتمے کا منشور صرف شہداء کی جماعت کے پاس ہے۔ باقی تمام جماعتیں صرف سیاست کر رہی ہیں۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے 15 سال تک کراچی سے کشمور تک صوبے کے عوام کی خدمت کی ہے، عوام کو صحت، تعلیم، امن و امان سمیت دیگر سہولیات فراہم کیں، الیکشن میں پیپلز پارٹی ہی بھاری اکثریت سے جیتے گی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم کے منصب پر فائز ہو کر پورے ملک کے عوام کی خدمت کریں گے۔
حکیم ناصر خان درانی نے مزید کہا کہ کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد بلوچ شہر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات کوشاں ہیں، جس سے شہر اب حقیقی ترقی دیکھ رہا ہے اور عوام خوش ہیں، جماعت اسلامی جب بھی اقتدار سے باہر ہوتی ہے تو ہنگامہ برپا کرتی ہے، جب کہ میں پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت نہیں سمجھتا، عمران خان یہودیوں کا ایجنٹ ہے، ان کا ایجنڈا غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنا ہے۔
پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے سینئر رہنما حکیم ناصر خان درانی نے پارٹی سے اپنی وابستگی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے زمانے سے پیپلز پارٹی کا حصہ ہیں، جام صادق علی کے دور میں انہیں گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا، سختیاں برداشت لیکن انہوں نے پیپلز پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا، شہید رانی کے ساتھ کام کرنا اعزاز سمجھتا ہوں، آصف علی زرداری پارٹی کارکنوں سے محبت کرتے ہیں، جبکہ پارٹی کے کئی رہنماء میری محبت دیکھ کر کہتے ہیں کہ میں پیپلز پارٹی کا دیوانہ ہوں۔