ننکانہ صاحب: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے کے بعد پولیس نے ننکانہ صاحب میں مبینہ طور پر توہین مذہب کرنے والے شخص کے قتل میں ملوث 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پنجاب پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع ہونے کے بعد ویڈیوز کے ذریعے مشتبہ افراد کی شناخت کی گئی۔
ہفتے کے روز سیکڑوں افراد پر مشتمل مشتعل ہجوم نے واربرٹن پولیس اسٹیشن سے ایک شخص کو چھین کر تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا تھا، جہاں اسے مبینہ طور پر توہین مذہب کے الزام میں قید کر دیا گیا تھا۔
مبینہ طور پر توہین مذہب کے الزام میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالے گئے شخص کو ہجوم نے تشدد کا نشانہ بنایا تو ایس ایچ او واربرٹن فیروز بھٹی اور دیگر پولیس اہلکار اپنی جان بچانے کے لیے موقع سے فرار ہوگئے۔
علاقے کے رہائشیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ دو سال جیل میں گزارنے کے بعد واپس آنے والا یہ شخص مقدس کاغذات پر اپنی سابقہ بیوی کی تصویر چسپاں کرکے جادو ٹونے کی مشق کرتا تھا۔