دبئی میں مقیم پاکستانی بینکر اور دو بچوں کی ماں نائلہ کیانی نے نیپال میں 8091 میٹر اونچی اناپورنا 1 کو کامیابی کے ساتھ سر کرکے تاریخ رقم کردی ہے۔
پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف اور بھارت کے ارجن واجپائی سمیت چار دیگر ارکان کے ہمراہ کیانی نے پیر کی صبح ساڑھے چھ بجے سے سات بجے کے درمیان یہ ناقابل یقین کارنامہ انجام دیا۔
نائلہ کیانی ایک ماہر کوہ پیما ہیں اور 8000 میٹر سے زیادہ بلندی پر چار چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بھی بن گئی ہیں، اس کی تازہ ترین کامیابی کا اعلان اس کی مہم کے منتظمین، سیون سمٹ ٹریکس نے کیا تھا۔
اس سے قبل کیانی پہلے ہی کے ٹو، جی ون اور جی ٹو سمیت تین دیگر خطرناک چوٹیاں سر کر چکی ہیں، ان متاثر کن کامیابیوں کے ساتھ نائلہ کیانی نے دو اور چیلنجنگ پہاڑوں پر اپنی نظریں جمائی ہیں، جن میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ اور 8516 میٹر کی بلند ترین چوٹی لوٹسے شامل ہیں۔
کوہ پیمائی کے لئے نائلہ کیانی کی لگن اور جذبے نے انہیں پاکستان اور دنیا بھر کی نوجوان خواتین کے لئے رول ماڈل بنا دیا ہے، ان کی قابل ذکر کامیابیاں ان کی لچک، طاقت اور دنیا کی چند سب سے مشکل چوٹیوں کو فتح کرنے کے عزم کا ثبوت ہیں۔