قومی اسمبلی کے حلقے این اے 193 راجن پور کا ضمنی الیکشن پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار محمد محسن لغاری نے بھاری مارجن سے جیت لیا، عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور اسکے ہینڈلرز پر مزید خوف طاری ہوگا۔
این اے 193 راجن پور میں تحریک انصاف بھاری مارجن سے کامیاب ہوگئی ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیداروں کو بدترین شکست ہوئی ہے۔
الیکشن کمیشن کو موصول تمام 237 پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے محمد محسن لغاری 90392 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے۔
مسلم ليگ ن کے عمار احمد خان لغاری 55218 ووٹ لےکر دوسرے اور پیپلز پارٹی کے اختر حسن گورچانی 20074 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر آئے ہیں۔
عمران خان نے محسن لغاری، پی ٹی آئی کے کارکنان اورحلقہ کے ووٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری مشینری، نیوٹرلز اورالیکشن کمیشن کے گٹھ جوڑ کےباوجود تحریک انصاف کو زبردست کامیابی ملی ہے۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے اس سے پی ڈی ایم اور اسکے ہینڈلرز پر مزیدخوف طاری ہوگا اس لیے سپریم کورٹ کےججز پر غیر معمولی دباؤ کی توقع ہے۔