وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے سستے تیل کی پہلی کھیپ آئندہ ماہ پاکستان پہنچ جائے گی۔
نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ روسی حکام کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد حکومت نے اس سلسلے میں ایک معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی کھیپ کارگو کے ذریعے اگلے ماہ (مئی) پاکستان پہنچے گی، وزیر مملکت نے یہ بھی یقین دلایا کہ حکومت سستے تیل کا فائدہ صارفین تک پہنچائے گی۔
بجلی اور گیس کے نرخوں کو معقول بنانے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت غریب اور اشرافیہ طبقے کے لئے مختلف ٹیرف متعارف کرائے گی۔
مصدق ملک نے کہا کہ حکومت نے اس سلسلے میں پہلے ہی پیش رفت کی ہے اور امید ہے کہ پسماندہ اور اشرافیہ طبقے کے لئے علیحدہ بل جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹیرف کے اعلان کے بعد معاشرے کے غریب طبقے کو ریلیف ملے گا۔
گزشتہ ماہ ذرائع نے بتایا تھا کہ پیٹرولیم ڈویژن روسی خام تیل تقریبا 50 ڈالر فی بیرل پر خریدنے کی کوشش کر رہا ہے، جو یوکرین کے خلاف جنگ کی وجہ سے روس سے لی جانے والی قیمتی اشیا پر جی 7 ممالک کی جانب سے عائد کردہ قیمت کی حد سے کم از کم 10 ڈالر فی بیرل کم ہے۔