پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر محمد عامر کو انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق محمد عامر کو ٹیم میں لانے کے انتظامات کیے گئے ہیں، سلیکشن کمیٹی نے ان کے منیجر سے رابطہ کیا ہے اور سابق فاسٹ بولر پر زور دیا ہے کہ وہ قومی ٹیم میں واپسی کے لیے خود کو تیار کریں۔
عہدیدار نے 30 سالہ فاسٹ بولر کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی کرکٹ پر توجہ مرکوز کریں اور میڈیا میں غیر ضروری بیانات دینے سے گریز کریں، جس سے تنازعہ پیدا ہوسکتا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 2020 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے عامر سے جلد ریٹائرمنٹ پر نظر ثانی کرنے کو کہا جائے گا، لہٰذا انہیں فٹ رہنے اور اس وقت تک پریکٹس جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ عامر اچھے بولر ہیں اور پاکستان کو ان کی ضرورت ہے، عامر سے کہا گیا ہے کہ وہ ہدایات پر عمل کریں اور امید ہے کہ وہ جلد ہی پاکستان کی جانب سے کھیلیں گے۔