نیو دہلی (ویب ڈیسک): نریندر مودی نے تیسری مدت کے لیے بھارت کی وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری تقریب میں بنگلا دیش، سری لنکا اور مالدیپ سمیت سات علاقائی ممالک کے سربراہان نے شرکت کی۔ اپوزیشن جماعت کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے بھی تقریب میں شریک ہوئے، تقریب میں بالی ووڈ کے ستارے اور معروف صنعت کار مکیش امبانی بھی شریک ہوئے۔
جے شنکر، راج ناتھ اور امیت شاہ سمیت کابینہ کے منتخب ارکان نے بھی حلف اٹھایا۔
نریندر مودی سابق بھارتی وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے بعد تیسری بار وزیراعظم بننے والے دوسرے بھارتی سیاستدان ہیں۔
خیال رہے کہ بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق 2024 کے عام انتخابات میں لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 240 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے رہی، انڈین نیشنل کانگریس 99 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور سماج وادی پارٹی 37 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر آئی۔
حکمران جماعت بی جے پی لوک سبھا میں سادہ اکثریت کے لیے درکار 272 نشستیں اکیلے حاصل کرنے میں ناکام رہی تاہم بی جے پی کی زیر قیادت ’این ڈی اے‘ اتحاد 293 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ سادہ اکثریت کی بنیاد پر حکومت بنانے جا رہا ہے، اس کے برعکس کانگریس کی زیر قیادت اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ نے 234 نشستیں حاصل کی ہیں۔