لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کو مینار پاکستان پر ہونے والا ‘پاور شو’ جلسہ منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔
عمران خان کی زیر قیادت پارٹی اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرنے کے لئے 19 مارچ کو تاریخی یادگار پر ایک تاریخی عوامی جلسہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
پی ٹی آئی رہنما کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد دفعہ 144 نافذ نہیں کی جاسکتی، عدالت نگراں پنجاب حکومت کے اقدام کو غیر قانونی قرار دے اور اس حوالے سے گائیڈ لائن جاری کرے۔
عدالت نے کہا کہ اگر جلسہ کرنا ہے تو پندرہ دن پہلے پلان کریں، خدا کا واسطہ ہے آپ لوگ زندگی چلنے دیں۔ سسٹم کو چلنے دیں۔
عدالت نے پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے سے روکتے ہوئے آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری کے ساتھ بیٹھ کر میکانزم بنانے کا حکم دیا، کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف گرفتاری کا آپریشن جمعرات کی صبح تک روکنے کا حکم دے دیا۔
14 مارچ کو عمران خان کے سینکڑوں حامی لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوئے اور سیکیورٹی فورسز کو روک دیا جو کرپشن کے الزام میں عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے پہنچے تھے۔