اداکارہ کبریٰ خان کے بعد مہوش حیات نے بھی ایک یوٹیوبر کی جانب سے اداکاراؤں کے خلاف لگائے گئے الزامات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ان کے خلاف چلائی جانے والی توہین آمیز اور ہتک آمیز مہم کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ (ایس ایچ سی) سے رجوع کرلیا۔
31 دسمبر کو یوٹیوبر اور ریٹائرڈ فوجی افسر عادل فاروق راجہ، جو اس وقت برطانیہ میں مقیم ہیں، نے کچھ اداکاراؤں کے خلاف سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ان کے ابتدائی ناموں ایس اے، کے کے، ایم ایچ اور ایچ کے کا ذکر کیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے مہوش، کبریٰ اور سجل علی کے ساتھ ابتدائی الفاظ منسلک کیے اور انہیں سوشل میڈیا پر ان الزامات کا جواب دینے پر مجبور کیا۔
کبریٰ نے پہلے ہی اس معاملے پر ایس ایچ سی سے رجوع کیا تھا۔ اب مہوش نے بھی اسی عدالت میں راجہ کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔
مہوش حیات نے اپنی درخواست میں عدالت کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف جھوٹے الزامات لگائے گئے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ جھوٹے الزامات لگانے والے ذہنی طور پر بیمار ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ انہیں سزا دی جائے۔
مہوش حیات کا کہنا تھا کہ انہوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے بھی رابطہ کیا تاہم کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔
درخواست گزار کے وکیل خواجہ نوید نے عدالت سے استدعا کی کہ سوشل میڈیا پر اداکارہ کے خلاف مواد فوری طور پر ہٹایا جائے۔